Jul 16, 2024 | 10:10:AM

قتل حسینؓ اصل میں مرگ یزید ہے، اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

قتل حسینؓ اصل میں مرگ یزید ہے، اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد
کیپشن: File Photo
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اظہر تھراج )اب سے یوم عاشور شروع ہوچکا ہے ۔ محرم الحرام کی نو تاریخ اسلام میں ایک اہم دن جب امام حسینؓ اپنے بہادروں کے ساتھ یزیدی لشکر کے روبرو جذبہ ایمانی کی نئی تاریخ رقم کر رہے تھے۔ سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ حق کی آواز تھے۔اُنہوں نے ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا۔ صبر،بلند حوصلہ ہو، ہمت ہو، سب کچھ امامِ عالی مقام کی ذات پر ختم ہے۔

 جنہیں پہلے سے ادراک تھا کہ کربلا کے میدان پر اُن کا مبارک لہو گرایا جائے گا۔ لیکن سلام ہے امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ  کی عظمت کو، کہ آپ نے دین اسلام کی خاطر اپنی گردن کٹوالی لیکن باطل کے سامنے آخری وقت تک ایک چٹان کی مانند کھڑے رہے ۔واقعہ کربلا حق و باطل کی تاریخی اور زندہ مثال ہے۔جہاں حق گردن کٹوا کر بھی سرخرو ہوا اور باطل ہمیشہ ہمیشہ کیلے تاریخ میں شکست خوردہ ہی رہا۔ یزید کا یہ نظریہ تھا کہ کہ طاقت ہی سب کچھ ہے۔لیکن یہ گھمنڈ اُس کو دونوں جہانوں کیلئے لے ڈوبا۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ تاریخ انسانی کی دو قربانیاں پوری تاریخ میں منفرد مقام اور نہایت عظمت و اہمیت کی زندہ مثال ہیں، ایک حضرت ابراہیمؑ اور اسمٰعیلؑ کی قربانی ہے اور دوسری نواسۂ رسولؐ، جگر گوشۂ علیؓ و بتولؓ شہیدِ کربلا حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہے۔  دونوں نے سر جُھکا دیا اور یوں خواب کی تعبیر میں ایک عظیم قربانی وجود میں آئی ۔

امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ  کو اندازہ تھا کہ کربلا کی صورتحال کیا ہے اِس کے باوجود وہ اکیلے نہیں آئے اپنے پورے خاندان کے ساتھ آئے،ایک طرف ہزاروں کا لشکر تھا۔دوسری جانب امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ایک محدود لشکر دین اسلام کے تحفظ پر معمور تھا۔لیکن سلام ہے آپ کی عظمت کو کہ آپ نہ اپنے دشمن سے متاثر ہوئے نہ خوفزدہ ہوئے۔آپ اپنے نظریے پر ڈٹ کر کھڑے رہے۔اگر آپ بیت کرلیتے تو یزید جس نے حلال چیزوں کو حرام کیا ہوا تھا۔اور حرام کو حلال کیا ہوا تھا۔اُس کو ایک سند مل جاتی۔یہی وجہ تھی اپنےنانا کے دین کو بچانے کی خاطر آپ حق پر ڈٹے رہے یہاں تک کہ اپنی شہادت کا نذرانہ پیش کردیا۔ آج اہل بیتِ اطہار غم سے نڈھال ہیں ۔کیونکہ صدیاں گزرنے کے باوجود کربلا میں ٹوٹنے والے ظلم و ستم پر آج بھی زخم تر وتازہ ہیں ۔لیکن تاریخ میں یہ بات امر ہوچکی ہے کہ امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنی شہادت سے اسلام کا پرچم بلند کیا ۔بقول شاعر
قتل حسینؓ اصل میں مرگ یزید ہے
اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد