(ویب ڈیسک)سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ہفتے کے روز انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملہ کے بعد وسکنسن ریاست میں میلوکی میں ہونے والی پارٹی کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے پہلی مرتبہ منظر عام پر آگئے، سابق صدر کے دائیں کان پر بڑی پٹی لگی ہوئی تھی جس جگہ گولی چُھو کر گزری تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر زخمی ہونے کے بعد پہلی مرتبہ میلوکی میں پارٹی کانفرنس میں پہنچے جہاں حاضرین نے زور دار تالیاں بجا کر گرم جوشی کے ساتھ ان کا استقبال کیا،ٹرمپ نے ہوا میں مکا دکھا کر عوام کے جذبات کا جواب دیا،کانفرنس ہال لوگوں سے بھرا ہوا تھا، اس دوران وہاں موجود ٹرمپ کے حامیوں نے "یو ایس اے ، یو ایس اے" اور "فائٹ ، فائٹ ، فائٹ" کے نعرے لگائے،ڈونلڈ ٹرمپ کانفرنس میں جمعرات کی شام صدارتی انتخابات کے لیے اپنی نامزدگی قبول کرنے کا سرکاری طور پر اعلان کریں گے اس موقع پر ہونے والی تقریب میں سرخ ، سفید اور نیلے رنگ کے ہزاروں غبارے فضا میں چھوڑے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملے کے فوری بعد سیکرٹ سروس کے ارکان نے ٹرمپ کو گھیرے میں لے کار حفاظتی حصار بنا لیا اور تیزی کے ساتھ انہیں نزدیک موجود گاڑی میں بٹھا دیا، واقعے کے بعد موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا اور ساتھ ہی وسنکونسن میں منعقدہ ریپبلکن پارٹی کانفرنس کے دوران میں سیکورٹی اقدامات سخت کرنے کی بھی تاکید کی، جو بائیڈن نے سیکرٹ سروس کو حکم دیا کہ آزاد امیدوار روبرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو بھی تحفظ فراہم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاست کو میدان جنگ نہیں بننا چاہیے، ٹرمپ پر حملے کے بعد جو بائیڈن کا امریکی عوام سے اتحاد