وزیراعظم سے صدر ایشیائی ترقیاتی بینک کی ملاقات,اقتصادی ترقی سمیت مختلف امور زیر بحث

Sep 16, 2024 | 21:15:PM

(اویس کیانی) وزیر اعظم شہباز شریف سے ایشائی ترقیاتی بینک( اے ڈی بی) کے صدرنےمساتسوگو آساکاوا نے آج ایک وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام سمیت مختلف امورپر بات چیت کی گئی۔  

پاکستان میں انفراسٹرکچر میں جدت، سیلاب سے تباہ ہونے والے انفراسٹرکچرکی بحالی اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے ہونے والے بھاگ دوڑ میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک( اے ڈی بی ) کے صدر مساتسوگو آساکاوا آج ایک وفد کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وفاقی وزراء برائے منصوبہ بندی و ترقی، سرمایہ کاری و نجکاری، اقتصادی امور، خزانہ و محصولات اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔ 

 وزیراعظم نےپاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے اے ڈی بی کے وفد کو حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے سلسلے سے آگاہ کیا جن میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، توانائی کے شعبے کی مالی استحکام کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے خلاف اقدامات ، غیر ہدف شدہ سبسڈی میں کمی اور سماجی تحفظ کو بڑھانا شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ان اصلاحات کی پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ان کے کامیاب نفاذ اور طویل مدتی اثرات کو یقینی بنایا جا سکے جو کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔

 وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے جواب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 1.5 بلین امریکی ڈالرز سے زیادہ کی فراخدلانہ مدد کو سراہا, انہوں نے زراعت سمیت ماحولیاتی لچک کے منصوبوں میں ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کی پاکستان کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔ 

صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کے ایک بانی ممبر کی حیثیت سے طویل وابستگی کو سراہا, انہوں نے جامع اصلاحات کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی اور پاکستان کے لیے بینک  کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا, انہوں نے پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی  کے شعبے میں  اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے کی بینک کے عزم کی تجدید کی۔

 ملاقات کے بعد وزیراعظم اور اے ڈی بی کے صدر نے 400 ملین امریکی ڈالرز کے سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ اور 320 ملین امریکی ڈالرز مالیت کے خیبرپختونخوا دیہی روڈز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے مسودے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی،ایشیائی ترقیاتی بینک کے یہ دونوں منصوبے  سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی بحالی سے متعلق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے

مزیدخبریں