بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کیخلاف کاروائیاں، 18 لاکھ سے زائد چالان جاری

Dec 17, 2024 | 11:41:AM

(علی ساہی)ٹریفک پولیس کی بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف ریکارڈ کاروائیاں جاری ہیں جبکہ رواں سال 18 لاکھ سے زائد چالان ٹکٹ جاری کئے گئے جبکہ لاہور صوبے بھر میں سرفہرست ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ کے احکامات پر پنجاب بھر میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کاسلسلہ جاری ہے۔ 

ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق رواں سال بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کاروائیوں میں 95 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو 18 لاکھ 45 ہزار 8 سو سے زائد کے چالان ٹکٹ جاری کئے گئے جبکہ  صوبہ بھر میں لاہور ٹریفک پولیس بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کاروائیوں میں سر فہرست ہے۔

ترجمان کے مطابق  رواں سال ٹریفک پولیس لاہور نے 6 لاکھ 36 ہزار سے زائد شہریوں کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر جرمانے کیے ، ٹریفک پولیس گوجرانوالہ نے 1 لاکھ 79 ہزار,فیصل اباد نے 1 لاکھ 84 ہزار, راولپنڈی نے 1 لاکھ 56 ہزار شہریوں کو بغیر لائسنس پر چالان ٹکٹ جاری کئے ۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور جنرل ہسپتال میں ایڈوانس ٹراما لائف سپورٹ کے عنوان سے ورکشاپ

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ  تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی جاری رکھیں ، صوبہ بھر میں ناکہ جات لگا کر لائسنس کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ  بغیر لائسنس گاڑی موٹرسائیکل چلانے والے حادثات کا سبب بنتے ہیں ، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف 2000 کے جرمانے اور قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے ، جرمانے اور قانونی کاروائی سے بچنے کے لیے شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں۔

 ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کا مزید کہنا ہے کہ  شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ڈیجیٹل پورٹل خدمت مراکز اور لائسنس سینٹر کی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں ،شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ 

مزیدخبریں