فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں4 ڈی   الٹراساؤنڈ ٹیکنالوجی پر ورکشاپ کا انعقاد

Dec 17, 2024 | 19:18:PM

(24نیوز) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ نے  4 ڈی  الٹراساؤنڈ ٹیکنالوجی پر ایک پری کانفرنس ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

 یہ ورکشاپ وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل کی سرپرستی میں منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ ورکشاپ میں پارلیمانی سیکرٹری صحت رشدہ لودھی، پرنسپل پروفیسر عبدالحمید، سابق پرنسپل پروفیسر نورین اکمل، سابق سربراہ ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد رحمان یوسف، ڈینز پروفیسر عائشہ ملک، پروفیسر بلقیس شبیر، ایم ایس سر گنگارام ہسپتال ڈاکٹر عارف افتخار، فیکلٹی ممبران اور دیگر نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے سہولت کاروں میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سمن چودھری، اسسٹنٹ پروفیسر ز ڈاکٹر وردہ اشرف، ڈاکٹر کرن سرفراز اور سینئر رجسٹرار ڈاکٹر مہوش نظام شامل تھے۔ ورکشاپ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مہ جبین مسعود نے تمام معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ 

وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ورکشاپ کے منتظمین اور سہولت کاروں کو مبارکباد دی اور اس طرح کی ورکشاپس کی اہمیت پر زور دیا۔ وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے شعبہ طب میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی اہمیت اور اس سے متعلق مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ وائس چانسلر نے ورکشاپس کے انتظامات اور صحت مند سرگرمیوں پر ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کی کوششوں کی تعریف کی۔ پروفیسر بلقیس شبیر نے ٹیلی میڈیسن اور4 ڈی  یو ایس جی ٹیکنالوجی میں اے آئی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر کرن سرفراز نے  4 ڈی الٹراساؤنڈز ٹیکنالوجی پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ ہینڈز آن ٹریننگ کی نگرانی ڈاکٹر سمن چوہدری، ڈاکٹر وردہ اشرف، سینئر رجسٹرار ڈاکٹر راشد رشید اور کنسلٹنٹس ریڈیولوجی اور گائناکالوجی نے کی۔ پروفیسر ڈاکٹر مہ جبین مسعود نے ورکشاپ میں شرکت پر وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ ورکشاپ کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: روپے کی بے قدری جاری،ڈالر مہنگا ہوگیا

مزیدخبریں