الزام تو ہر بندہ لگا سکتا ہے،الزام عائد کرنیوالے کو ثبوت پیش کرنے چاہئیں، چیف جسٹس پاکستان 

Feb 17, 2024 | 18:21:PM

(24 نیوز)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مستعفی کمشنر راولپنڈی کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر کہاہے کہ الزام تو ہر بندہ لگا سکتا ہے،بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا دیئے جاتے ہیں،کل کو کوئی مجھ پر چوری اور قتل کا بھی الزام لگا سکتا ہے،جو الزام لگاتا ہے اس کو اپنی صداقت اور ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ مجھ پر کیا الزامات لگے ہیں، صحافی نے کہاکہ کمشنر راولپنڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ آپ اور چیف الیکشن کمشنر دھاندلی میں ملوث ہیں، چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ میرا کردار الیکشن کروانے میں ایک حد تک ہے اگر آپ سمجھتے ہیں،اگر کوئی الیکشن نہیں کروانا چاہتا تھا تو پھر میرا کردار ہے،دو آئینی عہدیداروں میں الیکشن کی تاریخ پر ڈیڈلاک تھا،سپریم کورٹ نے دونوں آئینی عہدیداروں کو بٹھایا اور الیکشن کی تاریخ لی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ پہلی بات تو یہ ہے کہ چیف جسٹس کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، دوسری بات یہ ہے کہ الزام لگانے والوں کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔
ایک سوال ”پیر کے روز انتخابات میں دھاندلی سے متعلق کیس میں کیا کمشنر راولپنڈی کو طلب کیا جائے گا“کے جواب میں چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ جب تک کیس کا فیصلہ نہ ہو میں ان کیسز پر بات نہیں کرتا، پیر کے روز کیس لگے کا آپ سب دیکھ لیجئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آج خودکشی کی کوشش کی پھر سوچا کیوں نہ عوام کے سامنے یہ سب رکھوں، کمشنر راولپنڈی

مزیدخبریں