(ویب ڈیسک)اردو اور سندھی ڈراموں کے سینئر اداکار میر محمد لاکھو 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھی اور اردو ڈراموں میں فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ پیش کرنے والے اداکار کے بیٹے اکبر لاکھو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے والد میر محمد لاکھو عارضہ قلب اور پھیپھڑوں میں مبتلا تھے، جس کے باعث وہ 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ والد کی 2 روز قبل زیادہ طبیعت ناساز ہوئی تھی جبکہ گزشتہ روز ان کی آبائی گائوں میں تدفین کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سینئر صحافی انتقال کرگئے
واضح رہے کہ میر محمد لاکھو نے پی ٹی وی سینٹر کراچی سے سندھی ڈراموں میں کام کا آغاز کیا، وہ زیادہ تر معاون کرداروں میں نظر آئے لیکن ان کی اردو اور سندھی ڈراموں میں اداکاری کو خوب سراہا گیا، انہوں نے بلوچی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔