(مائدہ وحید، جان شیر)ملک میں شدید سردی کاراج برقرارہے ،محکمہ موسمیات نے ملک کے چند شہروں میں بارش ہونے کا امکان بھی ظاہرکیاہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، مغربی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پرہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، چاغی، نوکنڈی، دالبندین، کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
لاہور،شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال،گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی، رحیم یار خان اور خانپورمیں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن،خانیوال،وہاڑی،فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور گرد و نواح میں دھند رہنے کا امکان ہے، مری، گلیات اورگرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہے گا۔
سکھر، بینظیر آباد، شکار پور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیرپور، ٹنڈو جام اور گرد و نواح میں دھند رہنے کی توقع ہے،بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، نو شہرہ، مردان اور صوابی میں بھی دھند رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آزادکشمیر میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں لگی آگ نے نئی مصیبت کھڑی کر دی،جھکڑ چلنے سے 60لاکھ امریکیوں کو خطرے کا سامنا
لاہورمیں سردی کا راج برقرارہے اور درجہ حرارت 8ڈگری ریکارڈ کیا گیاہے،دھندکے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے شہر میں سردی کا احساس مزید بڑھادیاہے،لاہورمیں فضائی آلودگی 161ریکارڈکی گئی ہے جبکہ فضائی آلودگی میں شہر لاہور چوتھے نمبر پرہے۔
اپردیر میں ہلکی بارش اور برف باری ہوئی ہے،ڈوگدرہ،گوالدئی اور کوہستان میں بھی بارش ہوئی ہے، بارش اور برف باری کے باعث سرد ی کی شدت بڑ ھ گئی ہے۔