(24نیوز) قومی ائیر لائن پی آئی اے نے پیرس کی پروازوں کے لیے دیے گئے اشتہار پر معذرت کرلی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق پاکستان انٹریشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے اس اشتہار کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا اور ایسا تاثر دیا گیا جو ادارے کا مقصد نہیں تھا،انہوں نے کہاکہ یہ ممکنہ طور پر کچھ منفی جذبات کا سبب بنا ہوگا جس کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔
رواں ہفتے سینیٹ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کی پیرس واپسی کے اشتہار سے جگ ہنسائی ہوئی،کون سی اشتہاری ایجنسی ہے؟ کس اہلکار نے یہ اشتہار ڈالا ہے؟
اس پر وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اےکی پیرس کی پروازوں کے آغاز کے اشتہار کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے،ایفل ٹاور کے قریب قومی ائیرلائن کے جہاز کے ساتھ ’وی آر کمنگ‘ کا غلط تاثرگیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قومی ائیرلائن پی آئی اےکی پیرس کی پروازوں کے آغاز کے اشتہار کی تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق صوبائی وزیرابراہیم مراد ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے