امام حسینؓ کی شہادت نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے ،آزمائشوں میں ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا: صدر مملکت 

Jul 17, 2024 | 00:57:AM

(اویس کیانی ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ امام حسینؓ کی شہادت میں امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے،  شدید دباؤ  ، مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا۔

 صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم عاشورہ پر  اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ حضرت امام حسینؓ    کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ  کر امام حسینؓ اور ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے احیاء ، امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا،  ظلم کے خلاف آواز اٹھانے ، آزمائشوں میں ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا،امام حسینؓ اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں، آپؓ نے دین کی خاطر جان  اور اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے  آگے سر نہ جھکایا،  آج اسلام امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے،میدانِ کربلا میں قربانیاں اہل ِایمان کے جذبات کو امتحان وابتلاء  کے وقت میں جلا بخشتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کشمیری اور  فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے، فلسطینی اور کشمیری عوام انصاف اور آزادی کیلئے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں،  فلسطینی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ان کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے ،واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے، ظلم وجبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کی فلاح  اور بہتری کی خاطر ذاتی مفادات ایک طرف رکھتے ہوئے کسی بھی قربانی  سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، پوری پاکستانی قوم سے صبراور محنت کرنے ، انصاف کیلئے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں،ہمیں غریبوں اور ناداروں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے،انہوں نے مزید کہا اللہ تعالیٰ ہمیں امام حسینؓ کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔ 

یہ بھی پڑھیں: والد شہادت کی موت چاہتے تھے‘، جنید جمشید کے بیٹے کا انکشاف

مزیدخبریں