امام حسینؓ کی شہادت ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے:وزیراعظم

Jul 17, 2024 | 10:35:AM
امام حسینؓ کی شہادت ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے:وزیراعظم
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، اس دن نواسہ رسولﷺ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا، امام حسینؓ کی شہادت ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔

وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کردیا کہ حق لازوال اور باطل مٹنے کے لیے ہے، امام حسینؓ کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات و استقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امت مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے، فلسطین کے لوگ عظیم مقصد کےلیے بے پناہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں، فلسطینی قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت اپنے حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، جب کہ فلسطینیوں کی طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی انتہائی جابر اور غاصب قوتوں کے مظالم سہہ رہے ہیں، پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس مشکل وقت میں ضروری ہے ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔

ضرورپڑھیں:ظلمتوں کی شام میں اک روشنی ہے کربلا،ملک بھر میں حسینؓ حسینؓ کی صدائیں،یوم عاشور کے جلوس رواں دواں

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے، آج کے دِن ہمیں تجزیہ کرنا چاہئے کہ کون سے عناصر خود غرضانہ مفادات کیلئے اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں،ا ندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر ہمیں فروعی، مسلکی، لسانی اختلافات کو بھلانا ہوگا اور ایثار و قربانی، رواداری، اتحاد اور نظم و ضبط جیسے اعلیٰ اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئیے، حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانیوں سے درس حاصل کریں، آزمائشوں میں بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں، اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔