وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا یوم عاشور پر سیکیورٹی صورتحال پر اظہار اطمینان،افواجِ پاکستان،انتظامیہ،پولیس کو خراج تحسین

Jul 17, 2024 | 21:33:PM

 (اویس کیانی) وزیرِ اعظم شہباز شریف  اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومَ عاشور پر بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ 

 وزیر اعظم شہباز شریف نے بہتر ین سیکیورٹی انتظامات پر  پر افواجِ پاکستان، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے یومِ عاشور پر ملکی حالات پُر امن رہے ،ملک بھر میں پورے عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس و جلسے جلوس کا انعقاد ہوا،انتظامیہ، پولیس، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی پر مامور رہے ،یومِ عاشور کو پرامن رکھنے پر ہر افسر و اہلکار کے مشکور ہیں. 

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی یوم عاشور پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی ، وزیر داخلہ محسن نقوی رات گئے تک پاکستان بھر میں سکیورٹی پلان کی مانیٹرنگ کرتے رہے، متعلقہ پولیس و انتظامی افسران سے رابطے میں رہے اور ضروری ہدایات جاری کیں۔

یوم عاشور کے پر امن اختتام پر محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالٰی کے فضل و کرم اور حکومت کے موثر اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہا،اسلام آباد، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں پرامن ماحول میں مجالس ہوئیں اور جلوس نکالے گئے، پولیس اور انتظامیہ نے احسن طریقے سے ذمہ داری ادا کی،عزاداروں کی حفاظت  کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے،مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے پوری ٹیم نے جانفشانی سے فرائض سرانجام دئیے۔ 

انہوں نے کہ یوم عاشور پر امن عامہ کیلئے فول پروف انتظامات پر انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دیتا ہوں،بخیرو عافیت اور پرامن طریقے سے عشرہ محرم الحرام کے اختتام پذیر ہونے پر اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہیں،بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں علماء کرام کا کردار قابل ستائش رہا۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ قیام امن کیلئے تمام مکاتب کے فکر کے علماء کرام کی کاوشوں کو سراہتا ہوں، محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے-

یہ بھی پڑھیں: اللہ بھی ان سے محبت کرتا ہے جو حسینؓ سے محبت کرتے ہیں،اداکارہ حنا خان کا یوم عاشور ہ پر پیغام 

مزیدخبریں