ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی بنگلا دیش کی بجائے زمبابوے کو ملنے کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی بنگلا دیش کی بجائے زمبابوے کو دیئےجانے کا امکان ہے۔
بنگلا دیش نے 4 ٹیموں کی حکومتوں کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری کے اجرا کے سبب غیر رسمی طور پر میزبانی سے ہاتھ اٹھا لیا، میگا ایونٹ کے لیے آئی سی سی نئے میزبان ملک کا فیصلہ 20 اگست بروز منگل کو اپنے اجلاس میں کرے گا۔
واضح رہے کہ 9واں ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 3 سے 20 اکتوبر تک بنگلہ دیش میں شیڈول ہے، تاہم سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے انخلا کے بعد میزبان ملک کے سیاسی حالات کے سبب ایونٹ میں شریک چار ٹیموں کی حکومتوں نے بنگلہ دیش کے سفر سے اجتناب برتنے کی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں دفاعی چیمپین آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں۔
بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے ذرائع نے اس معاملے پر تشویش اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ایونٹ کے انعقاد کے امکان کو رد کر دیا ہے، دوسری جانب بھارت کی طرف سے بھی ایونٹ کی میزبانی سے معذرت سامنے آئی ہے، اب نئے میزبان کا فیصلہ 20 اگست کو آئی سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا، قوی امکان ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منتقلی کے فیصلہ کی صورت میں اس میگا ایونٹ کا میزبان زمبابوے ہوگا تاہم متحدہ عرب امارات بھی نئے میزبان کی دوڑ میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا
خیال رہے کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 10 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں دفاعی چیمپئین آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا شامل ہیں جبکہ گروپ بی بنگلا دیش، انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔