عازمین حج کو راغب کرنے کیلئے وزارت مذہبی امور نے اطلاعات سے معاونت مانگ لی

Dec 18, 2023 | 10:08:AM

(ویب ڈیسک)سپانسر شپ سکیم کے تحت 25 ہزار کے کوٹے پر اب تک صرف 2800درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد وزارت مذہبی امور نے خارجہ اور داخلہ کے بعد وزارت اطلاعات سے بھی معاونت مانگ لی ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے سپانسر شپ اسکیم میں عازمین حج کو راغب کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں،اس حوالے سے وزارت مذہبی امور نے خارجہ اور داخلہ کے بعد وزارت اطلاعات سے بھی معاونت مانگ لی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے منسٹری آف اوورسیز پاکستانیز اور وزارت اطلاعات کو خطوط لکھ کر درخواست کی ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کے طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آگاہ کیا جائے۔

اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 25ہزار کے کوٹے پر اب تک صرف 28سو درخواستیں موصول ہو سکی ہیں، جب کہ سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت 58ہزار درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں، سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی اتوار کو بھی جاری رہی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی صدرکے قافلے کو حادثہ

ڈالرز میں درخواستیں جمع کرانیوالے عازمین قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ اس بار 40کے علاوہ 20سے 22روزہ مختصر دورانیہ کا حج بھی پہلی مرتبہ متعارف کرایا گیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق اس بار حج بدل اور پانچ برس میں حج کرنے والے افراد بھی درخواست دینے کے اہل ہیں اور خواتین پہلی مرتبہ محرم کے بغیر حج کر سکیں گی، حج درخواستیں 22 دسمبر تک جمع کروائی جاسکتی ہیں۔

مزیدخبریں