نان فائلر پر 800 سی سی سے زائد گاڑی خریدنے پر پابندی، بل اسمبلی میں پیش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)نان فائلرز پر پابندیوں کے حوالے سے قومی اسمبلی میں ٹیکس لاءترمیمی بل پیش کردیا گیا، قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے ٹیکس لاء ترمیمی بل 25-2024 کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
مجوزہ ترمیم کے تحت نان فائلرز پر 800 سی سی سے زائد گاڑیاں خریدنے، مخصوص حد سے زیادہ جائیداد یا شیئرز خریدنے کی پابندی ہوگی، نان فائلرز بینک اکاؤنٹ کھولنے اور زیادہ بینکنگ ٹرانزیکشنز کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے، تاہم نان فائلرز کو موٹر سائیکل، رکشا اور ٹریکٹر خریدنے کی اجازت ہوگی۔
اس ترمیم کے مطابق غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے جائیں گے اور وہ جائیداد ٹرانسفر نہیں کر سکیں گے، ان افراد کی پراپرٹی اور کاروبار حکومت سیل کرنے کی مجاز ہوگی اور ایف بی آر جن افراد کے نام لسٹ میں شامل کرے گا ان کے اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سیلز ٹیکس رجسٹریشن نہ کرانے پر بھی بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں گے اور پراپرٹی ٹرانسفر پر پابندی ہوگی، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے دو دن بعد اکاؤنٹس غیر منجمد کیے جائیں گے جس کے لیے چیف کمشنر کے پاس اپیل کی جا سکے گی۔
اس کے علاوہ فائلر کے والدین، بیوی اور 25 سال تک کی عمر کے بچے بھی فائلر تصور ہوں گے، یہ تمام پابندیاں وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد نافذ ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں 58 لاکھ سے زائد غیر فعال سمز بلاک