خیبر پختونخوا؛سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 11خوارج ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور، اویس کیانی)خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی تین مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 11خوارج جہنم واصل ہو گئے، وزیر اعظم شہباز شریف، صدرمملکت اور وفاقی وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کوکامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ٹانک میں کیا گیا،جس میں 7خوارج مارے گئے۔
دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن دتہ خیل،شمالی وزیرستان میں کیا گیا،جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو خوارج ہلاک ہوئے جبکہ تیسری کارروائی ضلع مہمند میں کی گئی جس کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا،ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن بھی کئے گئے،سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ٹانک،ضلع شمالی وزیرستان میں دتا خیل اور ضلع مہمند میں ممد گٹ کے علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں میں 11 خارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا،پوری قوم کو دہشتگردوں کے خلاف اس جنگ میں شریک سیکیورٹی فورسز کے تمام جوانوں پر فخر ہے،انسانیت کے ان دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے،پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف اس جنگ میں متحد ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرم عمل رہیں گے ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخواہ میں 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، صدر مملکت نےملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ،صدر مملکت کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں،پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےخیبرپختونخوا میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے،انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا،ہماری بہادر سکیورٹی فورسز پر قوم کو فخر ہے،سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے،انشاءاللہ عوام کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی بحریہ کی بوٹ مسافر کشتی سے ٹکرا گئی، 13 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ