وفاقی بیوروکریٹس کی ترقی کیلئے 2 مرتبہ مؤخر کیا گیا سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس بلاآخر طلب  

Feb 18, 2025 | 00:32:AM
وفاقی بیوروکریٹس کی ترقی کیلئے 2 مرتبہ مؤخر کیا گیا سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس بلاآخر طلب  
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک) وفاقی حکومت نے وفاقی بیوروکریٹس کی گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کیلئے 2 مرتبہ مؤخر کیا گیا سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس بلاآخر طلب کر لیا۔ 

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کی طلبی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 10، 11، 12 اور 13 مارچ کو طلب کردہ 4 روزہ سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کا ایجنڈا اور ورکنگ پیپرز جلد جاری کئے جائیں گے، سنٹرل سلیکشن بورڈ کا آخری اجلاس اگست 2023 میں منعقد ہوا تھا جبکہ گزشتہ برس نومبر اور دسمبر 2024 میں 2 مرتبہ طلب کئے گئے سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس عین وقت پر مؤخر کئے گئے تھے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے اجلاس کی طلبی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ اجلاس افسران کی گریڈ 19 سے 20 اور 20 سے 21 میں ترقی کی منظوری دے گا، اجلاس کی صدارت چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل(ر) اختر نواز ستی کریں گے جبکہ سینیٹر سعدیہ عباسی، سنیٹر سلیم مانڈوی والا، ایم این اے جاوید حنیف خان، پنجاب سے سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، سندھ سے رابعہ جویریہ آغا(گریڈ 22/ریٹائرڈ)، خیبر پختونخوا سے سیکریٹری  بحری امور ڈویژن ظفر علی شاہ، بلوچستان سے گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر غیاث الدین اور سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر پرویز جونیجو، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز بورڈ ممبر نامزد کئے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں، پولیس افسران کی ترقی کے کیسز کیلئے صوبوں کے آئی جی پولیس، وفاقی سیکرٹری داخلہ بورڈ ممبر نامزد کئے گئے ہیں جبکہ جس وزارت کا پروموشن کیس ہو گا اُس کے سیکریٹری بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، مزید برآں ڈی جی آئی بی اپنے ادارے کے افسروں کے پروموشن کیسز اور ڈی جی آئی ایس آئی اپنے ادارے کے افسروں کے پروموشن کیسز کے موقع پر شریک ہوں گے، اجلاس تمام سروسز، گروپس، ایکس کیڈر افسران کو گریڈ 20 اور21 میں ترقی دے گا۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی بیوروکریسی میں متعدد افسران کے تقرر و تبادلے