(ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی میں 11 روز سے لاپتہ سات سالہ صارم کی لاش گھر کے قریب ٹینک سے مل گئی۔
پولیس کے مطابق صارم 11 روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا، جس کی تلاش جاری تھی ، پولیس نے بتایا کہ واٹر ٹینک پر ڈھکن کی جگہ گتے کا ٹکڑا رکھا ہوا تھا، بچہ حادثاتی طور پر گرا یا کسی نے پھینکا اس کی تحقیقات کر رہے ہیں، بچے کی لاش دیکھ کر والدہ شدت غم سے نڈھال ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں بچوں کے اغوا اور لاپتہ ہونے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، رواں سال پانچ بچے لاپتہ ہوئے، جن میں سے دو گھر واپس آگئے۔ گزشتہ برس بھی سات سو بچے لاپتہ ہوئے جن میں بیس بچے تاحال بازیاب نہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں : بشریٰ انصاری کا والدین کوبچوں کی شادی سے متعلق اہم مشورہ
ان میں لڑکوں کی تعداد زیادہ ہے جو کہ تشویشناک امر ہے، لاپتہ بچوں کے حوالے سے کام کرنے والی روشنی این جی او کے سربراہ کہتے ہیں کہ لاپتہ بچوں کی ایف آئی آر ترجیحی بنیادوں پر درج کی جانا چاہیئے۔
بارہ سال سے زائد عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ خطرے میں قرار دیا جاتا ہے، اگر بچہ دو تین روز میں نہ ملے تو اسے خطرے میں ہی سمجھا جاتا ہے۔
اغوا اور لاپتہ ہونے والوں بچوں کے بڑھتے ہوئے واقعات میں سب سے اہم ضرورت ہے کہ محکمہ تفتیش کے اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے۔