9مئی مقدمات؛ شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14دن کی توسیع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جمال الدین جمالی)انسداد دہشتگردی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14دن کی توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 9مئی مقدمات میں گرفتاری کے معاملے پر سماعت ہوئی،انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج عرفان حیدر نے سماعت کی،سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا،پراسکیوشن نے بغیر پیشی عدالتی کارروائی کرنے کی استدعا کی،عدالت نے سکیورٹی خدشات کے باعث بغیر پیشی کارروائی کی اجازت دے دی،شاہ محمود قریشی کی واٹس اپ کال پر حاضری مکمل کی گئی۔
شاہ محمود قریشی کی ان مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد آج ختم ہو گئی تھی،پولیس نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی،دوران جسمانی ریمانڈ ملزم سے جیل میں تفتیش کی گئی،
تفتیشی افسر نے کہاکہ ملزم نے سوشل میڈیا پر بغاوت پر مبنی ویڈیوز اور پیغامات جاری کئے،ملزم کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ تمام مواد فرانزک لیب بھجوایا گیا،شاہ محمود قریشی پر بغاوت اور کارکنان کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کا الزام ہے ،زمان پارک کے سامنے پولیس گاڑیاں جلانے کا مقدمہ اور راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے اور گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے سمیت دیگر شامل ہیں،تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت 4 مقدمات میں شاہ محمود قریشی کا چالان عدالت میں جمع ہو چکا ہے۔
عدالت نے 4 مقدمات میں شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی اور پولیس کو 2 ستمبر تک چالان جمع کرانے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:عام تعطیل کا اعلان