(24نیوز)بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے ایڈوائزر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا،معاشی ٹیم نے پلان وزیراعظم کے ساتھ شیئر کر دیا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے ٹیکنیکل اور فنانشل ایڈوائزر آئندہ ماہ تعینات کئے جائیں گے،پہلے فیز میں بجلی کی 3 تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی،آئیسکو، گیپکو اور فیسکو نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں،ایڈوائزر تقریباً ڈیڑھ سال اسیسمنٹ کریں گے،اسیسمنٹ کے بعد رپورٹ وزارت توانائی اور وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈسکوز کی نجکاری کا پہلا مرحلہ 2026 میں شروع کیا جائے گا، آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی مکمل پرائیویٹائزیشن آفر کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں لیسکو، میپکو اور ہزارہ الیکٹرک کمپنی کی مکمل پرائیویٹائزیشن آفر کی جائے گی،پیسکو، حسیکو اور سیپکو کو لانگ ٹرم کنسیشن ایگریمنٹ کے تحت دیا جائے گا ۔
ذرائع کا مزید کہناتھا کہ ٹیسکو اور کیسکو حکومت اپنے پاس رکھے گی،ٹیکنیکل ایڈوائزر پالیسی اور ریگولیٹری معاملات دیکھے گا، فنانشل ایڈوائزر تقسیم کار کمپنیوں کے مالی معاملات دیکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا سعودی عرب کیلئے کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان