وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے انٹرنیشنل ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Aug 19, 2024 | 19:28:PM
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے انٹرنیشنل ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا
کیپشن: وزیر داخلہ اسلام آباد میں انٹرنیشنل ہسپتال کی سنگ بنیاد رکھتے ہوئے
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وفاقی دار الحکومت میں 100 بستروں پر مشتمل جدید انٹرنیشنل ہسپتال کی تعمیر کا آغاز کیا گیا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتال نیشنل پولیس فاؤنڈیشن (NPF) اور ترکیہ کی ایک نجی کمپنی کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا، 100 بستروں پر مشتمل اس ہسپتال کی تکمیل سے پولیس کے جوانوں اور عوام کو صحت کی جدید ترین سہولیات میسر ہوں گی، انہوں نے کہا کہ صابر احمد کی آمد نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو دوبارہ زندہ کیا ہے، تمام منصوبوں کی آمدن شہدا اور پولیس کی ویلفیئر پر لگائی جا رہی ہے، شہدا اور پولیس کی ویلفیئر کیلئے محنت اور لگن سے کام کیا جا رہا ہے،وزیر داخلہ نے کہا کہ انٹرنیشنل ہسپتال کا یہ منصوبہ این پی ایف کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اور سی ڈی اے باہمی اشتراک سے نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن صرف اسلام آباد تک محدود نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہدا اور پولیس کے جوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے صوبوں میں بھی کام کیا جا رہا ہے، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے حال ہی میں شہدا اور جوانوں کیلئے حیدرآباد میں بھی ایک منصوبے کو مکمل کیا ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی کی تعمیر نو کی جارہی ہے، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے اس ہسپتال کے لیے زمین فراہم کی ہے، ہسپتال کی تعمیر مکمل طور پر ترکیہ کی ایک نجی کمپنی کی طرف سے کی جا رہی ہے، منصوبہ کی تخمینہ لاگت 5 ارب روپے ہے جو ترکیہ کی کمپنی فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال کا بیٹا احمد اقبال پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب