وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، آئی ٹی منصوبوں اور برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کا جائزہ

Aug 19, 2024 | 20:40:PM
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، آئی ٹی منصوبوں اور برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کا جائزہ
کیپشن: وزیراعظم کی زیرصدارت آئی ٹی سیکٹر کے جائزہ اجلاس کا منظر
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں آئی ٹی منصوبوں اور برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے منصوبوں، آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کے نفاذ اور ڈیجیٹائیزیشن پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹرز ملک مختار بھرتھ، رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ آئی ٹی پارک کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، کورین کمپنی نے آئی ٹی پارک کی تکمیل کی مدت کو جون 2025 سے کم کرکے فروری 2025 کر دیا ہے، اسلام آباد آئی ٹی پارک پر 24 گھنٹے کام جاری ہے، سی ڈی اے کی ٹیمیں کام کی نگرانی کیلئے باقائدگی سے سائیٹ کا دورہ کر رہی ہیں۔

اجلاس کو ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، اسلام آباد سے ڈیجیٹل سمارٹ سٹیز کے پائلٹ پراجیکٹ کا اجراء کیا جا رہاہے، شہریوں کو اسلام آباد سٹی سپر ایپلیکیشن کے ذریعے 150 سروسز کی آسان رسائی ہوگی، موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے حکومتی و انتظامی خدمات بشمول، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اسلام آباد پولیس، صحت اور تعلیم کی سروسز میسر ہوں گیں۔

اجلاس میں مزید بریفنگ دی گئی کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گزشتہ برس کی نسبت آئی ٹی برآمدات میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ 5 ماہ میں 3 لاکھ طلباء آئی ٹی سکلز کے پروگرامز میں تربیت کیلئے رجسٹر ہوئے، 4 نئے انکیوبیشن سینٹر کا اجراء کیا گیا، ملک میں حکومت کے اقدامات کی بدولت موبائل فونز کی تیاری میں 30 فیصد اضافہ ہوا اور موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 8 لاکھ کا اضافہ ہوا، وزیرِ اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر پر پہنچانے کیلئے آئی ٹی شعبے سے متعلقہ تمام ادارے مل کر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

اجلاس کو آئی ٹی شعبے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور ان سے آئی ٹی برآمدات میں مرحلہ وار اضافے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، آئی ٹی شعبے میں 77 ملین ڈالر کی حکومتی سرمایہ کاری سے آئی ٹی برآمدات میں 2.5 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے، ملکی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے 10 ارب ڈالر، ٹیلی کام شعبے سے 2 ارب جبکہ حکومتی اقدامات سے آئی ٹی برآمدات میں 13 ارب ڈالر کا زر مبادلہ متوقع ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں وفاقی حکومت کی تمام خدمات بشمول مالیاتی، صحت، زراعت، تعلیم، انتظامی اور سیکیورٹی کی خدمات موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں تک رسائی کیلئے منصوبہ حتمی مراحل میں ہے، اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی گزشتہ 5 ماہ کی کارگردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرنے اور کورین ماہرین سے مشاورت کے بعد اس کی تعمیراتی مدت میں مزید کمی کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیا کیخلاف آپریشن کا حکم جاری

اجلاس سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے پر اب تک پیش رفت اطمینان بخش ہے، اسلام آباد آئی ٹی پارک کے تعمیر سے ملکی آئی ٹی برآمدات  میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے آئی پارک ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، شہریوں کو حکومتی خدمات کیلئے موبائل ایپلی کیشن کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے۔