پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 5 خوارج ہلاک، 3 سپاہی شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں پاک افغانستان سرحد پر دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کوناکام بناتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک اور 4 کو زخمی کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 اگست کی درمیانی رات ، ضلع باجوڑ کی حدود میں پاکستان افغانستان سرحد پر دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے ناکام بنادیا۔ اس دوران فتنہ الخوارج کے 5 خوارج ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، مادر وطن کے تین بہادر سپوت؛ نائیک عنایت خان (عمر: 36 سال، ضلع خیبر کے رہائشی)، لانس نائیک عمر حیات (عمر: 35 سال، ضلع مانسہرہ کے رہائشی) اور سپاہی وقار خان (عمر: 25 سال، ضلع پشاور کے رہائشی) بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:احسن اقبال کے بیٹے کو بھی اہم عہدہ مل گیا