صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہداء کو خراج عقیدت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے باجوڑ میں دفاع وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے 3 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا، دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور شہداء کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ شہداء قوم کا فخر ہیں، پوری قوم ان کی احسان مند رہے گی، سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کی دراندازی کوشش کو ناکام بنایا، دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ، افواجِ پاکستان کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قوم ان کی قربانیاں فراموش نہیں کرے گی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کاروائی میں 5 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے خوارجی دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں نائیک عنائیت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بلندیء درجات، اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاک افواج کے بہادر اور جری جوان ہمیشہ وطن عزیز کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی دیوار بنی رہی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے 3 بہادر جوانوں نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 5 خوارج ہلاک، 3 سپاہی شہید
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، سیکیورٹی فورسز کے 3 جوانوں نے وطن عزیز کے لئے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں، دراندازی ناکام بنانے کے دوران شہادت کا اعلی مرتبہ پانے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔