توشہ خانہ کیس؛ جیولری گفٹ کی تخمینہ لگانے والا وعدہ معاف گواہ بن گیا

Dec 19, 2023 | 23:13:PM

(24 نیوز)سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف دائر توشہ خانہ ریفرنس میںگراف جیولری گفٹ کی قیمت کا تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی وعدہ معاف گواہ بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف دائر توشہ خانہ ریفرنس کے نکات سامنے آگئے،نیب ریفرنس کے مطابق گزشتہ سال یکم اگست کو چیئرمین نیب نے توشہ خانہ ریفرنس پر تحقیقات شروع کرنے کے احکامات دیئے،گزشتہ سال 5 اگست کو ڈی جی نیب نے توشہ خانہ ریفرنس پر تحقیقات شروع کیں،رواں سال 14 جولائی کو توشہ خانہ کی تحقیقات تفتیش میں تبدیل ہوئیں۔
نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ بطور وزیراعظم سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے غیرملکی سربراہان سے 108 تحائف حاصل کئے، 108 میں سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے،بانی پی ٹی آئی نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا۔
ریفرنس میں مزید کہا گیاہے کہ توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں،دوران تفتیش معلوم ہوا بشریٰ بی بی کا سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملا،جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کروایا گیا،بشریٰ بی بی اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف وزری کی۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے اتھارٹی کا استعمال کرتے ہوئے جیولری سیٹ کی من پسند قیمت لگوائی،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ 90 لاکھ روپے رقم کی ادائیگی عوض وصول کیا،توشہ خانہ تحقیقات سے معلوم ہواکہ قیمت کا اندازہ لگانے والے پرائیویٹ فرد سے لگوائی گئی جیولری سیٹ کی قیمت انتہائی کم تھی،جیولری سیٹ کی اصل قیمت لگانے کیلئے دبئی کے ماہر سے بھی رابطہ کیاگیا۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس گراف جیولری گفٹ پر دائر کیا گیا ،گراف جیولری گفٹ کی قیمت کا تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی وعدہ معاف گواہ بن گئے،وعدہ معاف گواہ نے بیان میں کہا ہے کہ دباو¿ میں آکرگراف جیولری گفٹ کی کم قیمت لگائی، صہیب عباسی کی خدمات پرائیویٹ طور پر کی گئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیض آباد دھرنا کمیشن کا سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید سے متعلق بڑا فیصلہ

مزیدخبریں