محکمہ اطلاعات سندھ شوبز سے وابستہ افراد کی معاونت کرے گا
سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد فلم اور ڈرامہ پروڈکشن بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24نیوز)محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کی جانب سے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ افراد کی معاونت کا فیصلہ کرتے ہوئے فلم وڈرامہ پروڈکشن بورڈ قائم کردیا گیا ۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت ہونے والے اہم اجلاس میں سندھ کابینہ کی منظوری سے حکومت سندھ کی جانب سے فلم اور ڈرامہ پروڈکشن بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا،یہ پروڈکشن بورڈ فلم و ڈرامہ پروڈکشن اور اس شعبے سے منسلک لوگوں کی معاونت کرے گا۔
اس موقع پر سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ فلم اور ڈرامہ کے توسط سے پاکستان خاص طور پر سندھ میں مثبت سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،محکمہ اطلاعات کی جانب سے نئے ٹیلنٹ کے فروغ کےلیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ہینڈمیڈاینی میٹڈ فلم "دی گلاس ورکر"آسکر کی دوڑ سے باہر
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ صوبے کےکلچر اور ہمہ گیر تاریخی تہذیب کو اجاگر کرنے کی خواہاں ہے، فلم اور ڈرامہ پروڈکشن بورڈ ثقافتی نمائندگی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کےلیے کردار ادا کرے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔