پہاڑوں پر برفباری،محکمہ موسمیات نے لاہور میں بادل برسنے کی نویدسنادی
25 فروری سے شروع ہونے والا دوسرا نظام اچھی بارشوں کا باعث بنے گا ،محکمہ موسمیات

Stay tuned with 24 News HD Android App

(اقصیٰ شیخ) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے، جھل مگسی،گنداواہ اور گرد و نواح میں گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی،زیارت اور گرد و نواح میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے،زیارت میں برفباری کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا،زیارت، زیرو پوائنٹ، چکور تنگی، ملی گٹ اور سڑی کے مقام پر برفباری ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے،تاہم کوئٹہ، زیارت، قلات، بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، قلعہ عبداللہ، چمن،سبی، قلات،خضدار، پشین اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گر ج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
آج شام یا رات میں راولپنڈی، جہلم، منگلا، اٹک، سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
مری، گلیات اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،اس دوران ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، تونسہ شریف، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران وادی نیلم، استور، سکردو اورہنزہ میں بعض مقامات پر شدید برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں باران رحمت ہوئی،کوئٹہ،زیارت،چمن،پشین اور قلعہ عبداللہ میں بھی بادل برس پڑے،طویل خشک سالی کے بعد بارشوں کے دو نظام برسنے کے لئے تیار ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل لاہور میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کر دی ہے متوقع طور پر 25 فروری سے شروع ہونے والا دوسرا نظام اچھی بارشوں کا باعث بنے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم گرم رہے گا،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مغربی سمت سے ہوائیں چلتی رہیں گی،شہر میں موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،ہوا میں نمی 77 فیصد ہے،مغربی سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چیمپئنزٹرافی کارنگارنگ میلہ آج سے سجےگا،افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ مدمقابل
اے کیو آئی کے مطابق شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قراردے دیاگیاہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 54ویں جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 69 پرٹیکیولیٹ میٹر ہے۔