مچھر مار کر لائیں اور نقد انعام پائیں، فلپائن میں شہریوں کیلئے اعلان

Feb 19, 2025 | 20:27:PM

(ویب ڈیسک) فلپائن کے ایک گنجان آباد قصبے نے ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکنے کے لیے مچھروں کے شکار پر نقد انعام کا اعلان کردیا۔

منیلا کے علاقے برانگے ایڈیشن ہلز کے چیف کارلیٹو سرنال نے بتایا کہ ہر 5 مچھر لانے پر ایک پیسو (تقریباً 2 امریکی سینٹ) انعام دیا جائے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اگرچہ اس انوکھے اقدام پر سوشل میڈیا پر تنقید کی جا رہی ہے لیکن حکام نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مقامی آبادی کی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔

مچھروں کے شکار پر پابندی کا یہ پروگرام کم از کم ایک ماہ تک جاری رہے گا اور انعام مردہ یا زندہ مچھروں اور ان کے لاروا دونوں پر دیا جائے گا جبکہ  زندہ مچھروں کو الٹرا وائلٹ لائٹ کے ذریعے ہلاک کیا جائے گا۔حکام کا بتانا ہے کہ اب تک 21 افراد 700 مچھر اور لاروا لا کر انعام حاصل کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تاجر کا پاک بھارت میچ پر بڑااعلان، ملازمین کو خوش کر دیا

برطانوی میڈیا کے مطابق منگل کے روز اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر طنزیہ تبصرے شروع ہو گئے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ ’اب مچھروں کی فارمنگ شروع ہوگی‘ جبکہ ایک اور نے سوال کیا کہ کیا ایک پر والا مچھر قابل قبول ہوگا یا مسترد کر دیا جائے گا؟

فلپائن کے محکمہ صحت نے اس اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی حکومت کے ڈینگی کے خلاف اقدامات کی قدر کرتے ہیں، تاہم محکمے نے واضح طور پر اس طریقہ کار کی افادیت پر رائے دینے سے گریز کیا۔
 یہ بھی پڑھیں:400 زبانوں پر عبور رکھنے والے 19 سالہ مسلمان نوجوان نے دنیا کو حیران کردیا

مزیدخبریں