(فرحان اقبال، علی ساہی)پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف بڑی کامیابی، پولیس مقابلے میں شر اوراندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو ہلاک، کلاشنکوف سینکڑوں گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کچہ ماچھکہ میں پولیس اہلکاروں اور 16 افراد کے قتل میں ملوث ڈاکو مقابلے میں ہلاک ہوگیا،ہلاک ڈاکو کی شناخت بشیر عرف بشو شر کے نام سے ہوئی ، ہلاک ڈاکو پولیس ملازمان کی شہادت سمیت اغواء برائے تاوان ، قتل،ڈکیتی جیسے متعدد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ڈاکو کی بھاری ہتھیاروں کے ساتھ اغواء ،پولیس پر حملوں کی دھمکی آمیز ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل تھی ،شر، اندھڑ گینگ کی علاقے میں بڑی واردات کی خفیہ اطلاع پر پولیس پارٹی نے بچاؤ بند ماچھکہ سوترکی کے مقام پر ناکہ بندی کر رکھی تھی، ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی،پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو شر مارا گیا ،دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہے، ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے ، پولیس آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ کی سر براہی میں ایس ایچ او ماچھکہ ،ایلیٹ ٹیمز سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، پولیس کو بکتر بند گاڑیوں ، دور ماربھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی ۔
مزید پڑھیں:پاکستان ریلوے پولیس کے جسمانی ٹیسٹ میں 75 فیصد امیدوار ناکام
ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے کامیاب کارروائی پر پولیس کی ٹیم کو شاباش دی، انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت ،کچے میں پائیدار امن کی فضاکو برقرار رکھا جائیگا ، خطرناک ڈاکو کی ہلاکت پولیس کی بڑی کامیابی ہے، کچہ کے دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک پولیس کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری رہیں گی ۔