پیپلزپارٹی کی مخصوص نشستوں پرسپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل کی حمایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی ) نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل کی حمایت کردی۔
پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کے فیصلے کے بعد ن لیگ نے اتحادیوں سے بات چیت کا سلسلہ شروع کیا،پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی،ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی اورسابق صدر و وزیراعظم اور ڈپٹی سپیکر پر آرٹیکل 6 لاگو کرنے کا معاملے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق شریک ہوئے، احد چیمہ، عرفان قادر اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی شریک ہوئے جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک، نئیر بخاری اور سینیٹر شیری رحمان شریک ہوئے،اٹارنی جنرل منصور اعوان بھی مذاکرات میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان تقریباً ڈیڑھ گھنٹے ملاقات جاری رہی،اٹارنی جنرل نے مخصوص نشستوں کے کیس اور فیصلے پر شرکاء کو بریف کیا،مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم نے پیپلزپارٹی کو پی ٹی آئی سے متعلق فیصلوں پر اعتماد میں لیا، وفاقی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومت فیصلہ کے قانونی نکات سے آگاہ کیا، پیپلزپارٹی نے موقف دیا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ پہلے پارٹی سطح پر زیر غور لانا ہے،پارٹی میں مشاورت کے بعد پابندی کا فیصلہ پارلیمان اور کابینہ میں زیر غور لایا جائے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی رہنماؤں نے گفتگو کرتے پیپلزپارٹی کی لیگل ٹیم کی جانب مستقبل میں ان فیصلوں کے اثرات پر تشویش کا اظہارکیاگیا ،پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کوئی فیصلہ لینے سے پہلے پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لے،بنا بتائے بغیر اعلانات کرنا مناسب نہیں، علاوہ ازیں پیپلزپارٹی نے حکومتی فیصلوں پر پارٹی میں مشاورت اور سی ای سی سے توثیق لینے کا کہا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان پی ٹی آئی سے متعلق تمام فیصلے اتفاق رائے سے کرنے پر اتفاق کیا گیا ،دونوں پارٹیوں کے درمیان بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے بجلی چوروں اور نادہندگان سے وصولی پرانعامی رقم مزید بڑھا دی