پنجاب میں سموگ کا مسئلہ بےقابو ، اداکار احسن خان نے انوکھا حل ڈھونڈ نکالا

Nov 19, 2024 | 12:43:PM

( ویب ڈیسک) پنجاب میں فضائی آلودگی اور سموگ کا مسئلہ مسلسل بےقابو ہے، جس کے سبب لاہور شہر روزانہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست شمار کیا جارہا ہے اور عوام گھروں میں محدود ہوکر رہ گئے ہیں, جس کے بعد معروف اداکار احسن خان نے اس مسائل کا انوکھا حل ڈھونڈ نکالا۔

تفصیلات کے مطابق اس صورتحال پر عوام اور سیاستدانوں کے علاوہ شوبز شخصیات کی جانب سے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے, اداکار احسن خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کردہ ویڈیو میں سموگ کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدمات کو سراہتے ہوئے کچھ دلچسپ تجاویز بھی دیں۔

ویڈیو کے کیپشن میں احسن خان نے لکھا کہ 'قومیں اپنے مسائل مل جل کر حل کرتی ہیں، ہمیں تعاون اور افہام و تفہیم کے ساتھ مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ "مختلف شہروں اور اُن کے کلچرز کے بارے میں مثبت مکالمے کی حوصلہ افزائی کرنا لوگوں کے درمیان اتحاد اور احترام کو فروغ دے سکتا ہے، اپنے درمیان اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے ہم اپنے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں"۔

ویڈیو میں احسن خان کا کہنا تھا کہ "سموگ کے مسئلے پر بات کرنے سے زیادہ اس چیز کی نشاندہی ضروری ہے کہ اسے ختم کیسے کیا جائے، مہذب اقوام کا یہی وطیرہ ہے کہ وہ اتحاد و اتفاق سے مشترکہ مسائل کا حل نکالتی ہیں".

یہ بھی پڑھیں : راحت فتح علی خان اور سنجے دت کی ملاقات کے چرچے، ویڈیو وائرل

حکومتی اقدمات کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ "حکومت کا 10 سالہ اسموگ مٹیگیشن پروگرام قابلِ ستائش ہے، میں نے ذاتی طور پر یہ کام شروع کیا ہے کہ ہم لوگ اکثر ایک دوسرے کے گھروں میں کیک اور مٹھائیاں لیکر جاتے ہیں، تو میں نے یہ سلسلہ شروع کیا ہے کہ ہم ان چیزوں کے بجائے پودے لیکر جاتے ہیں، ایک دوسرے تحفے میں پودے دیتے ہیں"۔

انہوں نے تجویز دی کہ "ایک دوسرے کو انڈور پلانٹس گفٹ کردیا کریں کہ اگر باہر جگہ نہ ہو تو گھر کے اندر پودے رکھ لیں، بالکونی یا چھت پر پودے لگا لیں، ہم سب ملکر کام کریں تو ان شاء اللہ بہت بہتری آئے گی"۔

ویڈیو کے آخر میں انہوں نے کہا کہ "اگر آپ سب کے پاس بھی سموگ سے چھٹکارا پانے کیلئے کوئی آئیڈیاز موجود ہیں تو کمنٹ سیکشن میں ضرور آگاہ کیجئے گا۔"

مزیدخبریں