(احمد منصور) بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن بھی پاکستانی امن دستے کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرنے لگے۔
پاک آرمی کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے مطابق پاکستانی امن دستہ جنوبی سوڈان میں امن اور سلامتی برقرار رکھنے کے لیے فرض کی ادائیگی میں مصروف ہے، پاکستانی امن دستوں کے اہلکار دن رات سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اڑھائی لاکھ بے گھر افراد کی خدمت میں مصروف ہیں، فورس کمانڈر یونائیٹڈ مشن، بھارت کے لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نے پاکستانی امن دستے کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔
بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو خط لکھا جس میں انہوں نے پاک فوج کے امن دستے کی پیشہ وارانہ خدمات کا اعتراف کیا، خط میں بھارتی آرمی آفیسر نے پاکستانی امن فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت، لگن اور غیر متزلزل عزم کو سراہا، بھارتی جنرل آفیسر نے بریگیڈیئر شفقت اقبال کے بطور سیکٹر کمانڈر اور لیفٹیننٹ کرنل شہباز اسلم کے بطور کمانڈنگ آفیسر کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: ہم ایسا قانون نہیں بنائیں گے، جو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ٹارگٹ کرے: بلاول بھٹو
خیال رہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کے طور پر اہم کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔