(عامر شہزاد)قومی اسمبلی کے 5 اور 16 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کل (21 اپریل) کو ہوں گے، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ بھی 21 اپریل کو ہوگی جبکہ این اے 8 باجوڑ، این اے 44 ڈی آئی خان، این اے 119 لاہور، این اے 132 قصور اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں ضمنی انتخاب ہوگا۔
پنجاب سے 12 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 174 امیدوار میدان میں ہیں جہاں ووٹرز کی تعداد 40 لاکھ 44 ہزار 552 ہے اور پنجاب میں 2 ہزار 601 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 2 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 14 لاکھ 71 ہزار ووٹرز ہیں اور یہاں 49 امیدوار میدان میں ہیں جس کیلئے 892 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 139 حساس ہیں۔
سندھ میں این اے 196 میں 2 امیدوار میدان میں ہیں، 4 لاکھ 23 ہزار 781 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے اور یہاں 303 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 158 حساس ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں 2 صوبائی حلقوں 20 اور 22 میں ضمنی الیکشن ہوگا، صوبے میں 3 لاکھ 96 ہزار 246 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، 354 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس، اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم
خیبرپختونخوا کے قومی و صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات انتظامات مکمل جبکہ الیکشن کمیشن نے کنٹرول روم قائم کردیئے،ان حلقوں میں خیبر پختونخوا سے این اے 8 باجوڑ ، این اے 44ڈی آئی خان ، پی کے 22باجوڑ اور پی کے 91 کوہاٹ کی خالی نشستیں شامل ہیں۔
مجموعی طور پر 49 امیدواروں میں مقابلہ ہورہا ہے، پشاور سے این اے 8 باجوڑ میں 7، این اے 44 ڈی آئی خان میں 19, پی کے 22 کوہاٹ میں 13 اور پی کے 91 باجوڑ میں 10 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔
ان انتخابات میں 14لاکھ 71 ہزار سے ووٹرز اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے، مرد ووٹرز کی تعداد 7لاکھ 99 ہزار 7سو 39 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 6لاکھ 72 ہزار 2سو 16 ہے۔
مجموعی طور پر 892 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں،139 پولنگ اسٹیشن زیادہ حساس قرار دئے گئے ہیں، سیکورٹی کے لئے خاطرخواہ انتظامات کئے جارہے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے شکایات کا ازالہ کیا جائیگا۔
ملک بھر کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے امیدواروں کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں، انتخابی سامان پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔