پی ٹی آئی کا ملک بھر میں جلسے کرنے کا اعلان، حکومتی اتحاد کو بھی چیلنج کر دیا

میں چیلنج کرتا ہوں کہ حکومتی پارٹیاں بلوچستان میں ایک بھی جلسہ کرکے دکھائیں: عمر ایوب

Apr 20, 2024 | 19:50:PM

(سید لیاقت نقوی) پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی سیکرٹری عمر ایوب کا کہنا ہے کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ حکومتی پارٹیاں بلوچستان میں ایک بھی جلسہ کرکے دکھائیں، ہم بلوچستان اور سندھ سمیت ملک بھر میں جلسے کریں گے۔

منڈی بہاؤالدین میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ بیساکھیوں پر بننے والی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی، لندن پلان کے بعد پاکستان میں کاروبار 90 فیصد کم ہوچکا، عمران خان لیڈر ہیں جو ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں، پاک افغان بارڈر پر ہمارے 6 جماعتوں کے الائنس نے تاریخی جلسہ کیا، میں چیلنج کرتا ہوں کہ حکومتی پارٹیاں بلوچستان میں ایک بھی جلسہ کرکے دکھائیں، بلوچستان اور سندھ سمیت ملک بھر میں جلسے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا؟ حقائق سامنے آ گئے

انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں حکومت کی رگنگ کی کوشش کے باوجود ہم سیٹیں جیتیں گے، لوگوں میں غم و غصہ دن بدن بڑھ رہا ہے، الیکشن کمیشن نے جو کچھ کیا ہے، پاکستان کو اس کی مہنگی قیمت ادا کرنی پڑے گی، ساری دنیا کو معلوم ہے کہ مینڈیٹ چرایا گیا ہے۔

عمر ایوب نے عوام کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گندم پالیسی بنانے والوں نے پوست کھا کر پالیسی بنائی ہے، ذخیرہ اندوز اور مڈل مین اربوں روپے کمائیں گے، 16 روپے کی روٹی اور 20 کا نان عوام کو کہیں بھی نہیں مل رہا، اسمبلی فلور پر پیٹرولیم منسٹر نے جھوٹ بولا ہے، جیب کتروں کی حکومت نے پیٹرول ڈیزل کی قیمت پر عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا ہے، پیٹرول ڈیزل بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ابھی مزید اضافہ ہوگا۔

پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل کی خبروں سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں چل رہی، آئین اور قانون کی پاسداری کرنی ہے، سائفر کیس ریت کا ٹیلہ، عدت کیس بوگس، توشہ خانہ بھی ختم ہونےوالا ہے، آصف علی زرداری ٹین پرسنٹ نہیں، مسٹر ہندرڈ پرسنٹ ہیں، کٹہرے میں آصف زرداری اور نواز شریف  کو ہونا چاہئے تھا، آصف زرداری تو قومی اسمبلی میں تقریر بھی صحیح طرح نہیں کرسکے تھے۔

مزیدخبریں