(طیب سیف) ترجمان پی ٹی آئی حسن رؤف کا کہنا ہے کہ محترمہ بشریٰ بی بی کے طبّی معائنے میں ابتدائی طور پر سامنے آنے والے حقائق نہایت تشویشناک اور ہمارے خدشات پر مہرِ تصدیق ثابت کرتے ہیں۔
عدالتی حکم پر بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اہلیہ محترمہ بشریٰ بی بی کے طبّی معائنے کا معاملے پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ محترمہ بشریٰ بی بی کے طبّی معائنے میں ابتدائی طور پر سامنے آنے والے حقائق نہایت تشویشناک اور ہمارے خدشات پر مہرِ تصدیق ثابت کرتے ہیں، عدالتی حکم پر سرکاری ڈاکٹرز اور ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کی موجودگی میں محترمہ بشریٰ بی بی کا طبّی معائنہ (اینڈوسکوپی) کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا؟ حقائق سامنے آ گئے
ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا ہے کہ طبّی معائنے میں محترمہ بشریٰ بی بی کو تیزاب/زہریلا مواد ملا کھانا دیے جانے، ان کے نظامِ انہضام خصوصاً خوراک کی نالی اور معدے میں تیزاب کی زائد مقدار سے پیدا ہونے والے زخم واضح نمایاں ہیں، زہریلا مواد ملا کھانا کھانے سے محترمہ بشریٰ بی بی کے منہ خصوصاً ہونٹوں پر نمایاں ہونے والے اثرات بھی تاحال باقی ہیں، آج کے نتائج نے بشریٰ بی بی کے طبّی معائنے میں حکومت اور جیل انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی تاخیر کی اصل وجوہات بھی قوم پر آشکار کر دی ہیں، زہریلی/تیزاب کی آمیزش زدہ خوراک دیے جانے کے اتنے عرصے بعد بھی محترمہ بشریٰ بی بی کے جسم میں اس کے اثرات زہر کی نوعیت اور ان کی زندگی کو لاحق خطرات کو واضح کرتے ہیں۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ ناحق جیل میں محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت اور جان سنگین خطرات کی شکار ہیں، انہیں مزید قید میں رکھنا ان کی جان کو کسی بڑے خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، لازم ہے کہ محترمہ بشریٰ بی بی کو زہریلا مواد دیے جانے کے معاملے کی مفصل تحقیقات کروائی جائیں اور ذمہ داروں کا کڑا محاسبہ کیا جائے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ عدالت عالیہ محترمہ بشریٰ بی بی کو ان کا بنیادی حق دے اور ایک بیہودہ ٹرائل کے ذریعے سنائی جانے والی سزا معطّل کرکے ان کی
فوری رہائی کے احکامات صادر کرے، محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت و سلامتی کو پیشِ آنے والے کسی بھی حادثے کی صورت میں بانی چیئرمین عمران خان ذمہ داران کی نشاندہی کر چکے ہیں، ان سے حساب قوم لے گی۔