خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 55نئے چہرے صوبائی اسمبلی پہنچ گئے

Feb 20, 2024 | 00:44:AM

(24 نیوز)خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 8فروری کے انتخابات بڑی تعداد میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 55نئے چہرے کامیاب ہوئے ہیں۔
کامیاب ہونے والے نئے چہروں میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 44آزاد امیدوار شامل ہیں، ن لیگ کے 3، جمعیت علمائے اسلام کے 4، پاکستان پیپلز پارٹی اورعوامی نیشنل پارٹی کا ایک ایک نیا چہرہ کامیاب ہوا ہے۔اس کے علاوہ مظلوم اولسی تحریک کا بھی ایک نیا امیدوار کامیاب ہوا ہے۔
 نئے چہروں کی کثیر تعداد میں کامیابی سے متعلق سپیکر کے پی اسمبلی و رہنماپاکستان تحریک انصاف مشتاق غنی نے کہا کہ ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا اتنی بڑی تعداد میں نئے ممبران انتخابات میں جیتے ہوں، عمران خان نے زیادہ ٹکٹ نوجوانوں کو دئیے جو خوش آئند ہے۔
دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما شگفتہ ملک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس بار پارلیمان میں ایسے لوگوں کو لایا گیا ہے جو ان کے ہی فیصلوں پر چلیں گے نا کہ عوام کے حقوق اور جمہوریت کی بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تاحیات نااہلی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری جسٹس یحییٰ آفریدی کا اختلافی نوٹ بھی شامل

مزیدخبریں