پاکستان، یورپی یونین کا برسلز میں 9واں انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ 

Feb 20, 2025 | 23:18:PM

 (24 نیوز)پاکستان اور یورپی یونین کی جانب سے 20 فروری کو برسلز میں انسداد دہشتگردی کے 9ویں ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وفود نے سیکورٹی کے معاملات پر اپنی وسیع تر مصروفیت کے حصے کے طور پر انسداد دہشت گردی پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

شفقت علی خان نے بتایا کہ یورپی یونین اور پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی، دونوں جانب سے اس سے لڑنے کیلئے پختہ عزم کی تصدیق کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ اس ڈائیلاگ نے علاقائی اور عالمی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کی اجازت دی، تبادلہ خیال میں بالخصوص افغانستان اور مشرق وسطیٰ کی طرح دیگر علاقوں میں سیکورٹی کے اثرات پر بات چیت کی گئی۔

شفقت علی نے بتایا کہ فریقین نے کثیرالجہتی فورمز میں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعاون کی اہمیت کی تصدیق کی۔

انھوں نے بتایا کہ اس میں اقوام متحدہ کے فریم ورک اور گلوبل کاؤنٹر ٹیررازم فورم میں کام شامل ہے، یورپی یونین اس کی 2022 سے شریک سربراہی کر رہی ہے۔

یورپی یونین اور پاکستان نے مزید متعلقہ موضوعات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بہترین طریقوں کے تبادلے اور ٹھوس تعاون کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ان موضوعات میں پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام و انسداد، غیر ملکی جنگجوؤں کی بھرتی اور نقل و حرکت، آف لائن اور آن لائن بنیاد پرستی، دہشت گردی کی مالی معاونت کا مقابلہ کرنے اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنا شامل ہے۔

یورپی وفود کی قیادت یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس میں سیکیورٹی اور دفاعی پالیسی کے ڈائریکٹر میکیج اسٹیڈیک نے کی۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے ٹریبیونل تشکیل

مزیدخبریں