(سید نعمان شاہ ، جان شیر)اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور بعض مقامات پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مری ، گلیات ، پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی بارش متوقع ہے۔
بلوچستان میں بارش اوربرف باری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے،محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث فلڈنگ جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اورخیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات،کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہوراور شیخوپورہ سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند چھائی رہے گی۔
مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران کاغان میں برف باری کا سلسلہ رات سے جاری ہے،برفباری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا،ناران میں درجہ حرارت منفی 7 جبکہ کاغان میں منفی 5تک گر گیا۔
اپردیر سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا ،شہری علاقوں میں منفی 1 اور پہاڑی علاقوں میں پارہ منفی 6 تک گرگیا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کے جیولین تھروور نیرج چوپڑا رشتہ ازدواج میں منسلک
اپردیرکے علاقے لواری،ڈوگدرہ،گوالدئی،شہورٹاپ اور گانشال کے پہاڑوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا،اپردیرکے سیاحتی مقامات پر آج مزید برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔