"کلپنا" کی بے وقت موت نے فلم "گجنی" کو ہمیشہ کے لیے امر کیسے کیا؟

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)فلم "گجنی" لوسٹوری پسند کرنے والے فلم بینوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے، 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم 2025 میں بھی انڈین سینما پر اپنی کامیابی کی چھاپ لگائے ہوئے ہے۔
یہ فلم نہ صرف اپنی زبردست کہانی اور ایکشن سے مشہور ہوئی بلکہ اس میں ایک ایسا المیہ بھی تھا جس نے ناظرین کے دلوں میں گہرا نقش چھوڑ دیا۔
فلم میں عامر خان نے بزنس ٹائیکون سنجے سنگھانیا کا کردار نبھایا، جبکہ آسن نے ایک خوش مزاج اور نیک دل ماڈل کلپنا کا کردار ادا کیا۔ فلم کی کہانی کچھ اس طرح ہے کہ کلپنا سنجے سنگھانیا کو سچن کے نام سے جانتی ہے، کیونکہ سنجے نے اپنی اصل شناخت چھپائی تھی۔ ناظرین کے لیے سب سے تکلیف دہ لمحہ وہ تھا جب کلپنا اپنی موت کے وقت تک یہ نہیں جان پائی کہ جس شخص سے وہ بے حد محبت کرتی تھی، وہ درحقیقت کوئی اور تھا۔
کلپنا کا کردار معصومیت، سچائی اور بے لوث محبت کی علامت تھا۔ وہ سنجے (جسے وہ سچن سمجھتی رہی) کی ہر ممکن مدد کرتی ہے، حتیٰ کہ مالی مدد دینے سے بھی گریز نہیں کرتی۔ یہی نیک نیتی اور دوسروں کے لیے ہمدردی اس کی المناک موت کی وجہ بن جاتی ہے۔
ولن گجنی دھانڈیا کو جب کلپنا کی حقیقت کا پتہ چلتا ہے تو وہ اسے بے رحمی سے قتل کر دیتا ہے، اور یہی وہ لمحہ تھا جب سنجے اپنی محبت کو ہمیشہ کے لیے کھو دیتا ہے۔
اب 17 سال بعد، فلم کے ڈائریکٹر اے آر مروگاداس نے اس المناک اختتام کے پیچھے کی سوچ کو واضح کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کلپنا کو سنجے کی اصل شناخت معلوم ہو جاتی، تو سنجے کے انتقام کی شدت کم ہو سکتی تھی، اور شاید کہانی کا اثر بھی کمزور پڑ جاتا۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے جان بوجھ کر کہانی کو اس رخ پر موڑ دیا جہاں کلپنا کو حقیقت معلوم نہ ہو سکے۔
ہدایتکار کے مطابق اگر کلپنا کو حقیقت کا علم ہو جاتا، تو شاید فلم کا جذباتی اثر اتنا گہرا نہ ہوتا لیکن یہی غیر یقینی اور سانحہ فلم کو ناظرین کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہے۔
"گجنی" صرف ایک فلم نہیں، بلکہ جذبات، المیہ اور انتقام کی ایک گہری کہانی ہے جو وقت گزرنے کے باوجود ناظرین کے دلوں میں تازہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی فلم بین اس کے کرداروں کو یاد کرتے ہیں، اور کلپنا کی بے وقت موت پر افسوس کرتے ہیں، یہ فلم نہ صرف ایک محبت کی ادھوری کہانی ہے، بلکہ ایک ایسی یاد بھی ہے جو کبھی ماند نہیں پڑے گی۔
یہ بھی پڑھیں :120 کروڑ روپے سالانہ ٹیکس دینے والے امیتابھ نے اس سال کتنا پیسہ کمایا؟