بنیادی انسانی حقوق کے بغیر معاشرہ آگے نہیں چلتا:علامہ راجہ ناصر عباس

Mar 20, 2025 | 19:13:PM
بنیادی انسانی حقوق کے بغیر معاشرہ آگے نہیں چلتا:علامہ راجہ ناصر عباس
کیپشن: تصویر، فائل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ارشاد قریشی)مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ ساری دنیا جانتی ہے، معاشرے رول آف لاء کے بغیر نہیں چلتے، جہاں عوام کو بنیادی حقوق نہ ملیں وہ معاشرہ بھی آگے نہیں چلتا۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی ہمیں عمران خان سے ملاقات اجازت نہیں دی گئی، کئی کئی گھنٹے انتظار کرواکے پھر واپس بھیج دیا جاتا ہے، پتہ نہیں حکومت کو کس بات کا خوف ہے۔

انھوں نے کہا کہ بانی سے ملاقات ہمارا قانونی حق ہے، بانی کو بلیک آوٹ کر کے حکومت پتہ نہیں کیا حاصل کرنا چاہتی ہے، ایسے رویوں سے حکومت اپنے سمیت پورے ملک کو ڈبو رہی ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس کے مطابق کوئی بھی حکومت عوام کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی، حکومت پہلے دن سے اپنا وجود عوام میں کھوچکی ہے، عوام کا حکومت پر کوئی اعتماد نہیں، حکومت غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے اگر بچنا ہے تو حکمرانوں کو سچ بولنا پڑے گا، عوام صرف بانی پی ٹی آئی پر اعتماد کرتی ہے، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر لانا پڑے گا، بانی پی ٹی آئی ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، موجودہ حکمرانوں پر دنیا اعتماد نہیں کرتی۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ تکبر کے خول سے باہر نکل کر بانی کو رہا کرنا ضروری ہے، حکومت جو بھی اقدامات کر رہی ہے، وہ بانی کے خوف سے کر رہی ہے، پیکا، چھبیسویں ترمیم دیگر اقدامات اسی کا تسلسل ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا مل بیٹھنا اچھی بات ہے، اپوزیشن ایک بات پر متفق ہے، پاکستان کا وجود خطرے میں ہے، اپوزیشن کا اتفاق ہے آئین کی حکمرانی کے لیے اکٹھے ہونا پڑے گا، انشاء اللہ عید کے بعد اپوزیشن کا اتحاد پوری طرح سامنے آئے گا۔

انھوں نے بتایا کہ ہم نے کہا تھا امن و امان کی صورت حال پر پارلیمینٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، ہمارا مطالبہ تھا دہشت گردی پر پارلیمینٹ سے ایک مشترکہ پیغام دیا جائے، آپ بانی سے بات کریں۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم کے مطابق ترامیم سمیت یہ سارا کچھ بانی کے خوف سے ہو رہا ہے، وقت کو ضائع نہ کیا جائے، ملکی سالمیت اور وجود خطرے میں ہے، وقت ضائع کئے بغیر بانی کو باہر لائیں۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت سے علیحدگی کی دھمکی،احسن اقبال کا ایم کیو ایم قیادت سے رابطہ