آذربائیجان کے صدر اور انتونیو گوتریس کا ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہار تشویش

May 20, 2024 | 09:58:AM

(24 نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل  انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وہ ایرانی صدر کی سلامتی کیلئے دعاگو ہیں، ہیلی کاپٹر حادثے کو مانیٹر کر رہے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اتوار کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد واپس آرہے تھے کہ تبریز کے قریب ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا،ڈیم کے افتتاح کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف بھی موجود تھے۔

ہیلی کاپٹر حادثے کی خبر سامنے آنے پر آذر بائیجان کے صدر نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر خصوصی بیان جاری کیا ۔

اپنے بیان میں الہام علیوف کا کہنا تھا کہ آج صدر ابراہیم رئیسی کو الوداع کہنے کے بعد ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کی خبر سے  شدید پریشانی ہے، اللہ تعالی کے حضور ہماری دعائیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے ساتھ ہیں،

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک پڑوسی، دوست اور برادر ملک کے طور پر جمہوریہ آذربائیجان کسی بھی مدد کیلئے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہیلی کاپٹر حادثہ: ایرانی میڈیا نے صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی

خیال رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان سے منسلک ایرانی سرحد پر ڈیم کا افتتاح کرنے بعد واپس تبریز آ رہے تھے کہ موسم کی خرابی کے باعث ان کے ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر کے علاوہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی سمیت دیگر اہم حکام سوار تھے۔

مزیدخبریں