(24 نیوز)ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد اب ملک کے نائب صدر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی کے باعث تبریز شہر میں گر کر تباہ ہوا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر کے ہمراہ وزیر خارجہ حسین عامر عبدالہیان، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ترجمان اور ایران کے صوبے مشرقی آذر بائیجان کے گورنر رحمت کلمتی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی سوار تھے۔
گزشتہ روز سے ہی حادثے کا شکارہ ہونے والے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کا کام جاری تھا اور تاہم خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر کے حادثے کے مقام کا پتہ لگانے میں تاخیر ہوئی اور آج صبح ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ تک پہچیں۔
ضرور پڑھیں:ہیلی کاپٹر حادثہ: ایرانی صدر ،وزیر خارجہ ،گورنر تبریز جاں بحق ہوگئے،میڈیا نے تصدیق کردی
اب ایران کے سرکاری میڈیا اور دیگر عرب میڈیا نے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین عامر عبدالہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے مطابق ایران کے صدر کے نااہل ہونے، مستعفی ہونے، غیر حاضر ہونے، بیمار ہونے یا انتقال ہونے کی صورت میں نائب صدر صدارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اس وقت محمد مخبر ایران کے نائب صدر کی ذمہ داریاں انجام دے ہیں اور آئین کے مطابق اب محمد مخبر ایران کے صدر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔