وزیر اعظم شہباز شریف کا ایرانی سفارت خانے کا دورہ، صدر اور وزیرخارجہ کی وفات پر تعزیت

May 20, 2024 | 19:00:PM

(اویس کیانی) وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے صدر رئیسی، وزیرخارجہ سمیت دیگر عہدیداران کی وفات پر تعزیت کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا، ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، ایرنی سفیر سے ملاقات میں وزیر اعظم نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور ایرنی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے سانحہ قرار دیا، وزیر اعظم نے ایرنی حکومت,  ایرانی عوام اور مرحومین کے ہسماندگان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا، انہوں نے ایرانی صدر کے اعزاز میں سفارتخانے کی  وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے.

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ترقی کیسے کر سکتا ہے؟ محمود اچکزئی نے پتے کی بات بتا دی

ایرانی سفیر سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے بھائی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ اور غم ہوا ہے، ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ایک شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، پاکستان نے آج ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلی خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا، ان کی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، گزشتہ ماہ صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کیا، اللہ تعالیٰ مرحومین  کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے، آمین۔

دوسری جانب پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی قوم کا مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے رہنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صدر ڈاکٹر رئیسی بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بہترین انسان اور ایران کا دوست سمجھتے تھے، مرحوم صدر رئیسی کیلئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے جذبات اور ان کے الفاظ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان ایران تعلقات کی مضبوطی و فروغ کے ویژن کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔

علاوہ ازیں ایرانی سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ میں ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے شہباز شریف کے ایرانی سفارت خانے میں اظہار ہمدردی اور یکجہتی کے لیے حاضر ہونے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں, اس مشکل وقت میں ہمدردی کے لیے میں تہہ دل سے پاکستانی حکومت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزیدخبریں