مشرقی ہواؤں کا رخ تبدیل،پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

Nov 20, 2024 | 09:56:AM
مشرقی ہواؤں کا رخ تبدیل،پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احسن عباسی )  مشرقی ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے ساتھ ہی پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ میں کمی آگئی جبکہ مالم جبہ میں موسم کی  پہلی برفباری نے موسم کو خوشگوار کردیا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق سوات  کے علاقے مالم جبہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد مالم جبہ نظاروں کا لطف اٹھانے پہنچ گئی، مالم جبہ آئے سیاح خوبصورت نظاروں اور فلک بوس پہاڑوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ملک بھر سے آئے سیاحوں نے وادی مالم جبہ کو جنت کا ٹکڑا قرار دیا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب بھر میں مشرقی ہواؤں کے رخ میں  تبدیلی سے سموگ میں کمی آئی ،جس کے بعد  لاہور سمیت صوبے بھر میں موسمی تبدیلی کے باعث ایئر کوالٹی انڈیکس کم ہو گیا،  ملتان ملک کا سب سے آلودہ شہر قرار پایا جس کا ائیر کوالٹی انڈیکس 329 ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ لاہور کا اس فہرست میں دوسرا نمبر ہے جس کا ائیر کوالٹی انڈیکس 291 ریکارڈ کیا گیا۔

سموگ میں کمی کے بعد لاہور اور ملتان ڈویژن کے سکول آج سے کھلیں گے جب کہ دیگر اضلاع میں بھی تدریسی سرگرمیاں بحال کردی گئی ہیں۔

ادھر پنجاب میں اینٹی اسموگ گرینڈ آپریشن جاری ہے اور صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق 4 دن میں درجنوں بھٹے، صنعتی یونٹ مسمار کردیے گئے،  درجنوں فیکٹریاں اور کارخانے سیل کردیےگئے جب کہ اسموگ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرانے پر لاہور کے معروف سوپر اسٹور کو سیل کردیاگیا،  اسٹور انتظامیہ کےخلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سموگ میں کمی،بچوں کی موجیں ختم، 13 روز بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

دوسری جانب شہر کراچی میں صبح سویرے  ٹھنڈا موسم اور خنکی کا راج  جبکہ دن بھر موسم خشگ اور گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ،زیادہ درجہ حرارت 34ڈگری تک جانے کا امکان ہے،شہر میں شمال مشرق سمت 6 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ  ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ہے۔

ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق  شہر کا فضائی معیارمضر صحت ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پرآگیا جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی میں چھٹے نمبر پرموجود ہے۔

ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق  ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 188 پرٹیکیولیٹ میٹرریکارڈ  کیا گیا جبکہ سو سے دو سو پرٹیکیولیٹ میٹرز انسانی صحت کے لیے مضر ہے۔