تاریخ میں پہلی بار ٹی 20 کا تاج نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کے سر سج گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(افضل بلال) نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلی بار آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 32 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، امیلیا کیر 43 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہیں، بروک ہالیڈے نے 38 اور سوزی بیٹس نے 32 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ملابا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ آیا بونگا کھاکا، چلو ٹریون اور نادین ڈی کلرک نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
دوسری جانب 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 126 رنز بنا سکی، جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈ نے 33 رنز بنائے، تزمین برٹس نے 17 اور چلو ٹریون نے 14 رنز کا اضافہ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے امیلیا کیر اور روزمیری مائر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، ایڈن کارسن، فران جوناس اور بروک ہالیڈے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، نیوزی لینڈ کی اس تاریخی فتح پر کھلاڑیوں نے جشن منایا اور پوری ٹیم نے اپنی اس کامیابی کو ملک کے لیے ایک بڑا فخر قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ون ڈے اور ٹی 20 کا نیا کپتان کون؟ نام فائنل ہو گیا
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا ہے، اس میگا ایونٹ میں تاریخی فتح کرکٹ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کے لیے ایک اہم سنگ میل کی مانند ہے۔