(24نیوز)نارووال کے حلقہ پی پی 54 میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھگڑے کے نتیجے میں60 سالہ لیگی کارکن جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق نارووال کے حلقہ پی پی 54 کے گاؤں کوٹ ناجو میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا ،مخالفین نے جھگڑے کے دوران سر میں ڈنڈا مار دیا تھا، شدید زخمی 60 سالہ محمد یوسف ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی جان کی بازی ہار گیا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران مختلف پولنگ سٹیشن پر بھی لڑائی جھگڑے اور بدنظمی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
مزید پڑھیں: فیصل آباد: ٹیکسٹائل ملز کا بوائلر پھٹنے سے12 مزدور زخمی
فیروزوالہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول نظام پورہ میں لڑائی جھگڑے اور فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالہ میں مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین گتھم گتھا ہوگئے، کارکن ایک دوسرے پر مکے برساتے رہے، پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
شیخوپورہ میں پی پی 139 کے پولنگ سٹیشن جھگیاں سیالہ میں مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے حامیوں میں جھگڑا ہوا جس کے باعث پولنگ کا عمل بند کر دیا گیا۔