دہشت گردی کے تمام متاثرین اور پاکستانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں: صدر مملکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ ہم دہشت گردی کے تمام متاثرین اور پاکستانی شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہم دہشتگردوں کے خلاف ملکی دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کو بھی خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے متاثرینِ دہشت گردی کی یاد اور خراج ِتحسین کے عالمی دن (21 اگست) پر پیغام جاری کر دیا، اپنے میں انہوں نے کہا کہ متاثرین ِدہشت گردی کی یاد اور انہیں خراج ِتحسین پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر ہم دہشت گردی کے تمام متاثرین اور پاکستانی شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہم دہشتگردوں کے خلاف ملکی دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کو بھی خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ہمیں دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے تمام خاندانوں کے درد اور تکالیف کی یاد بھی دلاتا ہے، ’متاثرین ِدہشت گردی بطور امن کے علمبردار اور معلم‘ کا اس سال کا موضوع یہ امر اجاگر کرتا ہے کہ زندہ بچ جانے والے افراد امن کے فروغ اور پرتشدد انتہا پسندی کے تباہ کن اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف 2 دہائیوں سے زائد عرصہ سے مسلسل جاری جنگ کی پاکستان نے بھاری قیمت چکائی ہے، ہم نے اپنے ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو کھودیا، پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو بھی دہشت گردوں نے شہید کیا، ملک کے متعدد سیاسی اور مذہبی رہنما بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، دہشت گردی نے ملکی معیشت کو بھی اربوں ڈالر کا مالی نقصان پہنچایا، پاکستان مخالف قوتیں دہشت گردی کی حمایت، خفیہ طور پر مالی معاونت اور پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیاں انجام دینے کے لیے عسکریت پسند بھیج رہی ہیں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ ہماری قوم نے ان چیلنجوں کے مقابلے میں بے مثال عزم اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے کامیابی سے دہشت گرد قوتوں پر قابو پایا اور 2 دہائیوں سے یہ جنگ تنہا لڑ رہا ہے، ہماری کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، اور ہم بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں، آج بھی ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور قوم کی امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ فوجی آپریشنز جیسےحربی اقدامات سے متعدد دہشت گرد نیٹ ورکس کو کامیابی سے ختم کیا گیا ہے، علاوہ ازیں قومی ایکشن پلان، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے قومی بیانیہ اور دیگر سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں جیسے غیر حربی اقدامات سے دہشت گردی کے خلاف کمیونٹی کی صلاحیت کو مستحکم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا دستی بم حملہ، افسوسناک خبر آ گئی
صدر پاکستان نے کہا کہ آج ہم دہشت گرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہمارا بنیادی مقصد عوام کی حمایت سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور ملک کے لیے ایک پُرامن مستقبل کا حصول ہے، ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور ہم متاثرین اور ان کے خاندانوں کی مدد کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر پاکستان نے مزید کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے، جس کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی اجتماعی کوششوں اور تعاون کی ضرورت ہے، ہمیں بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا، انٹیلی جنس شیئرنگ کو بڑھانا ہوگا، اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ہوا دینے والے بنیادی اسباب کا سدِ باب کرنا ہوگا، مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر کام کر کے سب کے لیے ایک محفوظ اور پرامن دنیا تشکیل دے سکتے ہیں۔