(اسویٰ فاطمہ) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا تاہم گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شہر لاہور میں سورج کی تیز کرنیں پڑنے سے درجہ حرارت بڑھ گیا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ، ائیرکوالٹی انڈیکس 175ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈی ایچ اے 346، شاہراہ قائداعظم پر آلودگی کی شرح 196ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور بالائی علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا فیصلہ ہوگیا
جہلم، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ مری اور گلیات میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان اور بالاکوٹ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔