(24 نیوز) نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت کی سطح پر ہم نے ترجیحات کا روڈ میپ مرتب کرلیا، پنجاب کا ایک نیا دور شروع ہونے جارہا ہے جہاں ہم 297 حلقوں کو اضلاع کے طور پر ٹھیک کرنے کیلئے 24 گھنٹے کام کریں گے۔
مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، لاء اینڈ آرڈر، زراعت اور آئی ٹی کی مساوی تقسیم ہوگی، ہر حلقہ، ڈسٹرکٹ، یونین کونسل اور ہر ڈویژن ماڈل ہونا چاہیئے، کوئی دوسرے سے کم نہیں ہونا چاہیئے اور یہ آپ کی ذمہ داری ہونی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مجھے اپنی مخلوق کی بہترین انداز میں خدمت کی توفیق عطاء فرمائے، پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکر یہ، عوام نے نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور ن لیگ کو سب سے بڑی جماعت کے طور پر الیکشن میں کامیاب کیا۔
نئے جذبے، عزم اور خلوص سے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، آپ سب کا اعتماد اور حمایت میرا اصل اثاثہ ہے، دعا ہے اور پوری کوشش ہوگی کہ میں آپ اور عوام کے اعتماد پر پورا اتروں۔
یہ بھی پڑھیے: مسلم لیگ ن اور بلوچستان عوامی پارٹی کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی تفصیلات سامنے آگئیں
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز ملا ہے، میں یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں، بہن، بیٹی اور بچی کے نام کرتی ہوں، یہ ایک خاتون اور ایک بیٹی کو عزت دی گئی ہے۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں، نواز شریف اور شہباز شریف کے زیر سایہ ان کی رہنمائی اور تجربے کو ساتھ لے کر چلیں گے، ان کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور جماعت کی سطح پر ہم نے اپنی ترجیحات کا روڈ میپ مرتب کر لیا ہے، ایم پی ایز میرے بازو اور طاقت ہوں گے، پنجاب کے 297 حلقے میرے لیے ڈسٹرکٹ ہوں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے ہر گاؤں میں صاف پانی ایک بڑا چیلنج ہے جسے ہم پورا کریں گے، اسی طرح صحت کے شعبے میں بھی بڑے چیلنجز درپیش ہیں جنہیں پورا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صوبے کے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کریں گے، پنجاب کی پہلی ائیر ایمبولینس سروس شروع کی جائیگی۔
تعلیم کے شعبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کا معیار اور نصاب جدید بنانے کیلئے پالیسی سازی کی جائے گی اور پرائمری و سیکنڈری سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائیگا، اساتذہ کو ٹریننگ دی جائیگی اور سکولوں میں جدید لیبز بنائی جائیں گی۔
مریم نواز نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ قیام امن، میرٹ کی پامالی، بیڈ گورننس اور کرپشن میری ریڈ لائن ہوگی۔