(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے حوالے سے خدشات ظاہر کر دیئے۔
نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی فاسٹ باؤلر حسن علی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی شرکت سے قطع نظر ٹورنامنٹ کا انعقاد ہونا چاہیے، اگر ہم وہاں سیکیورٹی خدشات کے باوجود کھیلنے جا سکتے ہیں تو وہ بھی آ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو ہٹا کر دیکھیں تو ان کے کھلاڑی بھی پاکستان آکر کھیلنا چاہتے ہیں، لیکن کھلاڑیوں نے فیصلے اور پالیسیوں کو بھی مدنظر رکھنا ہوتا ہے۔
حسن علی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دوٹوک کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہی ہو گی، اگر بھارت نہیں آنا چاہتا تو نہ آئے، اس کے نہ آنے سے کرکٹ ختم نہیں ہو گی، بھارت کے علاوہ دیگر ٹیمیں بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا سے شادی؟ کرکٹر محمد شامی کا جواب آگیا
دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر رہا ہے، بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کے دورے کی اجازت نہیں دے رہی، اس لئے ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل یا نیوٹرل وینیو پر کرایا جائے۔